امید ہےآپریشن مڈ نائٹ ہیمر کے بعد ایران سے مذاکرات کامیاب ہوں گے،ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور انہیں امید ہے کہ یہ بات چیت کسی مثبت نتیجے تک پہنچے گی۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی کے سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ایران کے ساتھ رابطے میں ہیں اور بات چیت کا عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران پیش رفت میں دلچسپی رکھتا دکھائی دیتا ہے، تاہم اصل نتیجہ کیا نکلتا ہے، اس کا اندازہ وقت ہی بتائے گا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے لیکن آئندہ ملاقات کہاں ہوگی، اس بارے میں فی الحال کوئی حتمی معلومات نہیں۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی ایران کو بات چیت کا موقع دیا گیا تھا، مگر وہ کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں، جس کے بعد ایران کے خلاف ’آپریشن مڈنائٹ ہیمر‘ کیا گیا۔ ان کے بقول ایران شاید دوبارہ ایسی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا چاہے گا۔
امریکا نےائیرکرافٹ کیریئر کی طرف آنیوالاایرانی ڈرون مار گرایا
یاد رہے کہ ایک روز قبل بھی وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی جانب ایک بڑا بحری بیڑہ روانہ ہو چکا ہے جو وینزویلا بھیجے گئے بیڑے سے بھی زیادہ طاقتور ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ ایک بہتر پیش رفت ہوگی، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو اس کے سنگین نتائج بھی سامنے آ سکتے ہیں۔
