ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کردی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کے حق میں نہیں ہیں ۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ صدر ٹرمپ مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کے حق میں نہیں ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ مغربی کنارے میں استحکام ہی اسرائیل کی سلامتی کے لیے بہتر ثابت ہو سکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس اہلکار کے مطابق فلسطینی علاقوں میں امن و استحکام کا قیام خطے میں پائیدار امن سے متعلق امریکی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔
ادھر برطانوی حکومت نے بھی اسرائیلی کابینہ کے مغربی کنارے میں قبضہ بڑھانے کے فیصلے پر سخت ردعمل دیا ہے۔ برطانوی بیان میں کہا گیا کہ فلسطین کے جغرافیائی خدوخال کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے۔
عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں رکوائے،پاکستان سمیت 8 اسلامی ممالک کا مطالبہ
برطانوی حکومت نے واضح کیا کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہوں گے اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ یہ فیصلے فوری طور پر واپس لے۔
دوسری جانب پاکستان سمیت آٹھ مسلم ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو ان خطرناک اقدامات سے باز رکھے۔
مسلم ممالک کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کسی قسم کی خودمختاری کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں، جبکہ موجودہ اقدامات مغربی کنارے کے غیر قانونی الحاق اور فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کے عمل کو مزید تیز کر رہے ہیں۔
