ڈونلڈٹرمپ کی ایک رات میں ایران کو تباہ کرنےکی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ ہم ایک رات میں ایران کو تباہ کردیں گے، اور وہ رات کل  بھی آ سکتی ہے۔کل ایران کے پاور پلانٹ تباہ کردیئےجائیں گے۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےڈونلڈٹرمپ  نے کہاکہ ایران کو روکنا بہت ضروری ہے، ان کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں۔امریکا نے دنیا کی تاریخ کا اہم ترین آپریشن انجام دیا، جہاں ہمارے طیارے امریکی پائلٹ کی تلاش کے لیے ایران کے اندر تک گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ابتدائی ریسکیو آپریشن میں 21 لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا جبکہ ایران میں کیے گئے دوسرے آپریشن میں 155 طیارے شامل تھے۔ ان کے مطابق اس مشن میں 4 بمبار طیارے، 64 فائٹر جیٹس، 48 ری فیولنگ ٹینکرز اور 13 ریسکیو ایئرکرافٹ بھی شامل تھے۔

امریکی صدر نے بتایا کہ انہوں نے امریکی فوج کو آپریشن کی ہدایت دی تھی اور پائلٹ کی تلاش کے لیے امریکی طیارے ایران کے اندر تک گئے، جہاں دن کی روشنی میں اسے نکالا گیا۔

انہوں نے کہاکہ ایران کے خلاف امریکا کی جانب آپریشن اچھی طرح سے جاری ہے، بطور کمانڈر ان چیف میں اپنے فوجیوں کی کل کی شاندار کارکردگی کبھی نہیں بھول سکتا۔

امریکی صدر نے کہاکہ امریکا ایران میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہا، اب ایران سے مذاکرات میں امریکا کی تجاویز بہت اہم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پائلٹ کی معلومات لیک کرنے والے تک ہم پہنچیں گے، کیوں کہ یہ ملکی سلامتی کا معاملہ ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ایرانی عوام کو حکومت کے خلاف دوبارہ کھڑا ہونا چاہیے، کیوں کہ اس سے قبل احتجاج کرنے والوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور امریکا دہائیوں سے ایران کے ساتھ مذاکرات کرتا آ رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر ایران پر بی ٹو بمبار طیاروں سے حملہ نہ کیا جاتا تو وہ ایٹم بم بنا لیتا، نیتن یاہو کو آگاہ کیا تھا کہ اسرائیل ایران کو ختم کر دے گا۔

انہوں نے کہاکہ ایران کے لوگوں کی جانب سے بھی بمباری کا مطالبہ سامنے آ رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایران کو پہلے 7 دن اور بعد میں 10 دن کی مہلت دی گئی اور اب ان کے پاس کل تک کا وقت ہے کہ وہ مذاکرات کریں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق بین الاقوامی ڈیلز طویل المدتی ہوتی ہیں، 5 یا 10 سال نہیں بلکہ ملکوں کے درمیان 100 سال کی ڈیل ہوتی ہے، اور ایران کے ساتھ 10 سالہ معاہدہ انہوں نے وقت سے پہلے ختم کیا جس پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے مزید کہاکہ قاسم سلیمانی کو ختم نہ کیا جاتا تو وہ امریکا کے 5 اڈے تباہ کر دیتا۔

قبل ازیں واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ایران کو دی گئی منگل کی ڈیڈلائن حتمی ہے، آبنائے ہرمز نہ کھلی تو ایران کا کوئی پل نہیں بچے گا، اور ضرورت پڑی تو تیل پر قبضہ کرلیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ایران میں ہمارا آپریشن رجیم کی تبدیلی تھا، اب ایران کے پاس کچھ میزائل اور ڈرونز بچے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے پہلی، دوسری اور تیسری رجیم تبدیل کردی، ڈیل کے لیے امریکی تجاویز بہت اہم ہیں، اور ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ جنگ فورا ختم ہو سکتی ہے اگر ایران وہ کرے جو ہم چاہتے ہیں، ایرانی مذاکرات کار اب زیادہ معقول ہیں، اور ہم دانشمند لوگوں سے بات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایران اگر معاہدہ مسترد کرتا ہے تو اس کا کوئی پاور پلانٹ اور پل نہیں بچے گا، اس وقت ایران کی حمایت کرنے والے بے وقوف لوگ ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا پر بھی تنقید کی، اور سی این این پول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سروے مجھے شکست خوردہ بتا رہا ہے لیکن میں ہارا نہیں ہوں۔

واضح رہے کہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بدستور جاری ہے، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو معاہدے کے لیے منگل تک کا وقت دیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان، مصر اور ترکیہ سمیت دیگر ممالک جنگ بندی کے لیے کوششیں کررہے ہیں، اور اس سلسلے میں اسلام آباد میں چار ملکی وزرائے خارجہ میٹنگ بھی ہو چکی ہے۔

 

 

Back to top button