عمران خان کیلئےمغربی دنیاسےچندآوازیں اٹھ رہی ہیں،خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ عمران خان کیلئےمغربی دنیا میں جو چند آوازیں اٹھ رہی ہیں ان پر یہ واضح ہونا چاہیئے کہ ہم پاکستانی قوم اپنے مفادات کا تحفظ کرنا جانتی ہے۔
خواجہ آصف کاسماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘پر ٹوئٹ کرتےہوئےانہوں نے کہا کہ ’ آپریشن گولڈ سمتھ کےریکروٹ جہاں بھی موجود ہیں وہ عمران خان کی نجات کے لیے پاکستان کے مفادات کےخلاف بھرپور مہم چلا رہے ہیں،ان عناصر کو اسرائیل کی بھر پور حمایت حاصل ہےاوروہ میڈیا میں تواترکےساتھ گفتگو کر رہے ہیں۔’
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان ایک اسرائیلی اثاثہ ہیں جس کے ذریعے وہ واحد مسلمان ایٹمی قوت کو خدا نخواستہ سر نگوں کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کیلئےمغربی دنیا میں جو چند آوازیں اٹھ رہی ہیں ان پر یہ واضح ہونا چاہیئے کہ ہم پاکستانی قوم اپنے مفادات کا تحفظ کرنا جانتی ہے، ہماری اول اور آخر ترجیح صرف اور صرف پاکستان ہے۔
خیال رہے کہ آج نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا
رچرڈ گرینل نےانٹرویو میں کہا کہ گزشتہ ٹرمپ انتظامیہ کے اس وقت کے پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے بہترین تعلقات تھے، ان پر ویسے ہی الزامات ہیں جیسے ڈونلڈ ٹرمپ پر تھے۔انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد وزیرخارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کی ہوئی ہے۔
رچرڈ گرینل کا مزید کہنا تھا کہ ایٹمی صلاحیت کے حامل ملکوں سے مختلف انداز میں ڈیل کیا جاتا ہے۔
