تربوز کو ٹیکہ لگتا ہے یا نہیں؟، ماہرین نے رائے دے دی

موسم گرما ہو اور آپ تربوز جیسی نعمت سے لطف اندوز نہ ہوں ایسا ہو ہی نہیں سکتا تاہم گزشتہ کچھ روز سے پاکستان میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ تربوز کا سرخ رنگ اس کا قدرتی رنگ ہوتا ہے یا اسے مصنوعی طور سرخ رنگ کا ٹیکہ لگایا جاتا ہے۔ اس بحث کا یہ نتیجہ نکلا کہ مارکیٹ میں تربوز کی قیمت میں کمی دیکھی جارہی ہے جس سے کاشت کار تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب ماہرین نے تربوز کو ٹیکہ لگانے سے متعلق کہانیوں کو جھوٹ اور پراپیگنڈا قرار دیا ہے۔
تربوز کے بیوپاریوں پر تربوز کو سرخ کرنے کےلیے ٹیکہ لگانے کا الزام کوئی نیا نہیں تاہم رواں سال اس بحث میں اس وقت شدت آئی جب ایک پاکستانی یوٹیوبر نے یہ دعویٰ کیا کہ تربوز کو سرخ کرنے کےلیے انہیں مخصوص کیمیکل کے ٹیکے لگائے جاتے ہیں جس سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔
تربوز ایک کاشت کار کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج تک نہیں دیکھا کہ تربوز کو سرخ کرنے کےلیے ٹیکے لگائے گئے ہوں۔ یہ سب پراپیگنڈا ہے تاکہ شہریوں کو گرمیوں میں تربوز جیسا پھل کھانے سے دور رکھا جائے۔ انہوں نے شک ظاہر کیا کہ اس پراپیگنڈے کے پیچھے میڈیسن کمپنیوں اور سوشل میڈیا پر جھوٹی کہانیاں بنانے والوں کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔
کچھ دنوں میں جو ہوگا اس کا نقصان پاکستانیوں کو بھگتنا پڑے گا: عارف علوی
محکمہ زراعت پنجاب کے سابق ڈائریکٹر جنرل اور زرعی ماہر ڈاکٹر انجم علی بٹر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اب تربوز سمیت مختلف سبزیوں کے ایسے بیج دستیاب ہیں جن سے 100 فیصد اچھی کوالٹی کی فصل حاصل کی جاتی ہے۔ تمام بیج درآمد کیے جارہے ہیں ۔ تربوز کی بھی ایسی اقسام ہیں جن کی کاشت سے تربوز سرخ ہی تیار ہوتے ہیں، اس لیے اب کوئی وجہ نہیں بنتی کہ ٹیکے لگا کر تربوز لال کیے جائیں۔
اس حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تربوز کو جو ٹیکے لگانے کی بات کی جارہی ہے، اس کا نام ایتھروسین ہے جو ایک خاص قسم کا فوڈ کلر ہے جو دنیا بھر میں مختلف خوراک کی چیزوں میں استعمال ہوتا ہے۔ ایتھروسین نامی فوڈ کلر مختلف کیک، پیسٹری، میٹھی ٹافیوں، جیلی، مشروبات سمیت مختلف بیکنگ اشیاء میں رنگ کو بہتر بنانے کےلیے استعمال کیا جاتا ہے۔ پاکستان پیور فوڈ رولز 1965ء میں بھی ایروتھریسین کی ایک خاص مقدار کی اجازت دی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھے تربوز کی پہچان یہ بھی ہے کہ پکا ہوا تربوز ایک جگہ پر زرد رنگ کا ہوگا جب کہ پکے تربوز کو تھپکی لگانے سے گونج پیدا ہوگی۔
