سیاسی جماعتوں کی مشاورت سےترمیم کا مسودہ تیارہوگا،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے آئینی ترمیم کی کوئی شکل سامنے آ جائے گی، تمام پارٹیوں سے مشاورت کے بعد آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے لائیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ بلاول بھٹو کا حق ہے کہ وہ کسی بھی معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کرسکتے ہیں، اگر انہوں نے ٹوئٹ کی ہے تو اس میں کچھ غلط نہیں۔
پاک افغان مذاکرات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع ںے کہاکہ ہمارا وفد استنبول روانہ ہوگیا ہے اور کل افغان وفد کے ساتھ بات چیت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ہمارا افغانستان سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ ان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ خطے میں امن کے لیے افغانستان کو دانشمندی سے کام لینا چاہیے، اگر بات چیت میں پیشرفت کا امکان نہ ہو تو پھر مذاکرات وقت کے ضیاع کے علاوہ کچھ نہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم لانے کا اعلان کردیا ہے، جس کے لیے اتحادی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے 6 نومبر کو پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت سے متعلق فیصلہ کیا جائےگا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے مزاحمت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کریں گے کیوں کہ یہ وفاق پر براہ راست حملہ ہے۔
