بنوں میں ڈرون حملے : خاتون جاں بحق، تین افراد زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقوں ہوید اور میریان کی حدود میں دو مختلف مقامات پر مبینہ ڈرون حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جب کہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلا حملہ ایک پولیس سٹیشن کے قریب اور دوسرا ایک رہائشی مکان پر کیا گیا، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈرون اونچائی پر پرواز کررہا تھا جس کے باعث اسے نشانہ بنانا ممکن نہ تھا۔ جاں بحق خاتون کی لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے جب کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

خیبر پختونخوا : امن و امان کے قیام کےلیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

یاد رہے کہ مئی کے مہینے میں صوبائی وزیر حاجی نیک محمد داوڑ نے شمالی وزیرستان کے گاؤں ہرمز، تحصیل میر علی میں ایک مبینہ ڈرون حملے کی شدید مذمت کی تھی، جس میں تین بچے جاں بحق اور چند خواتین زخمی ہوئی تھیں۔ اس واقعے کے بعد مقامی آبادی نے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا تھا۔

صوبائی وزیر کاکہنا تھاکہ وہ پہلے بھی خیبرپختونخوا اسمبلی میں واضح کرچکے ہیں کہ کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی یا آپریشن کو شہری آبادیوں سے دور رکھا جائے تاکہ بے گناہ شہری، بالخصوص خواتین اور بچے، محفوظ رہ سکیں۔

Back to top button