ڈرون حملے : افغان حکومت نے سرخ لکیر پار کردی ہے ، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے شہری علاقوں کو ہدف بنانے کےلیے افغان طالبان کے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت نے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بناکر سرخ لکیر عبور کرلی ہے۔
صدر پاکستان آصف زرداری نے کہا کہ دہشت کے ذریعے افغانستان میں قائم غیرقانونی حکومت مسلسل اپنی ذمہ داریوں سے فرار اختیار کررہی ہے۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ افغان حکومت دہشت گرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرنے سے متعلق اپنی یقین دہانیوں کو نظر انداز کررہی ہے، جب کہ اب اسی حکومت کی جانب سے اسلامی دنیا کی ایک بڑی فوجی طاقت کو چیلنج کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھاکہ ایک جانب افغان حکومت دوست ممالک کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کررہی ہے اور دوسری جانب اس نے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بناکر سرخ لکیر پار کردی ہے۔
افغان طالبان کے ڈرونز اسلام آباد تک کیسے پہنچنے لگے؟
صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کےلیے مسلسل کردار ادا کررہا ہے۔
صدر نے کوئٹہ، کوہاٹ اور راولپنڈی میں ڈرون حملوں سے زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر شہریوں کی جلد صحتیابی کےلیے دعا بھی کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی ادارے ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کےلیے ہر وقت تیار ہیں۔
