اقتصادی رابطہ کمیٹی نےدفاع کیلئے 5 ارب کی ضمنی گرانٹ منظور کرلی

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دفاع کیلئے 5 ارب روپے سے زائد کی ٹیکنکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دیدی۔
کمیٹی نے پنجاب میں ایس ڈی جیز پروگرام کیلئے 2 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی، دفاعی اخراجات آئندہ مالی سال سے باقاعدہ بجٹ میں شامل ہوں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کو وزارتِ خزانہ میں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک (آن لائن شرکت)، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون سمیت وزارتوں، ڈویژنوں اور اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کی جانب سے پیش کی گئی متعدد سمریوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ترقیاتی، دفاعی، ڈیجیٹل اور سماجی بہبود سے متعلق منصوبوں کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی جبکہ اہم پالیسی اور انتظامی امور پر بھی فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں دفاعی ڈویژن کی دو الگ الگ سمریوں پر غور کرتے ہوئے ای سی سی نے موجودہ مالی سال کے دوران پنجاب میں سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گولز اچیومنٹ پروگرام (ایس اے پی) کے لیے 2 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی۔
دفاعی خدمات کے لیے 5 ارب 8 کروڑ 10 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی جو استعداد کار میں اضافے،انفراسٹرکچر کی ترقی،کمیونٹی انگیجمنٹ اور سائبر سیکیورٹی کے اقدامات پر خرچ کی جائے گی۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ یہ رقم مرحلہ وار جاری کی جائے گی اور اس مد کو آئندہ مالی سال سے باقاعدہ دفاعی بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔
ای سی سی نے خصوصی تعلیم کے فروغ سے متعلق ایک اور اہم فیصلہ کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپیشل ایجوکیشن کے لیے 32 کروڑ 28 لاکھ 70 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی جس کے تحت اسلام آباد میں قائم کیے جانے والے آٹزم سینٹر آف ایکسیلینس میں زیرِ تعلیم خصوصی بچوں کی آمدورفت کے لیے 15 کوسٹر بسیں فراہم کی جائیں گی۔
