شبلی فراز اور عمر ایوب سمیت پی ٹی آئی کے 9 پارلیمنٹیرینز نااہل قرار

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مرکزی رہنما پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز اور عمر ایوب کو نااہل قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی  کے 9 ارکان اسمبلی اور سینیٹرز کو نا اہل قراردیا ہے،الیکشن کمیشن نے 9 مئی مقدمات میں سزائیں ہونے پر ان ارکان کو ڈی نوٹیفائی کیاہے۔ نااہل ہونےوالوں میں پانچ ارکان قومی اسمبلی،ایک سینیٹر اور 3 ارکان پنجاب اسمبلی شامل ہیں۔نااہل ہونےوالوں میں رائےحیدر علی،صاحبزادہ حامد رضا،رائے حسن نواز،زرتاج گل شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کےمطابق ارکان پنجاب اسمبلی انصر اقبال،جنید افضل،رائے محمد مرتضیٰ اقبال بھی نا اہل قرار دیےگئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے نااہل ہونے والے ارکان پارلیمنٹ کی نشستیں خالی قرار دےدی ہیں۔

یاد رہے کہ31  جولائی کو فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مختلف مقدمات میں فیصلہ سناتےہوئے عمرایوب اور سینیٹر شبلی فراز سمیت 196 ملزمان کو سزائیں سنائی تھیں۔خصوصی عدالت نے پہلے 9 مئی کے 2 مقدمات کا فیصلہ سنایاجس میں 168 ملزمان کو 10، 10 سال کی سزائیں سنائیں۔

عدالت نے عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز اور زرتاج گل کو 10 سال قید کی سزا سنائی،صاحبزادہ حامد رضا کو بھی 10سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

 

Back to top button