الیکشن کمیشن کا انتخابات کی تاریخ کیلئے گورنر خیبرپختونخوا کو خط

خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے گونر خیبرپختونخوا کو خط تحریر کر دیا، خط میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات کے لیے گورنر الیکشن کی تاریخ دیں گے۔
خط میں گورنر کولکھا گیا کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں 90 روز کے اندر انتخابات کرانے ہیں جس کے لیے الیکشن کی تاریخ دی جائے تاکہ سپریم کورٹ کو انتخابات کی تاریخ کے حو الے سے آگاہ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن کی سفارش پر صدر مملکت نے 30 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے الیکشنز کروانے کی منظوری دی، یہ پیشرفت سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کیس کے فیصلے کے بعد ہوئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو خط ارسال کیا تھا جس میں صوبہ پنجاب کے انتخابات کے انعقاد کے لیے 30اپریل سے 7مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کی گئی تھی۔الیکشن کمیشن کی تجویز کے مطابق صدر مملکت نے پولنگ ڈے کے لیے اتوار کے دن کی منظوری دی۔
