این اے 175 میں الیکشن شیڈول سے متعلق کیس، الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا

این اے 175 مظفرگڑھ میں انتخابی شیڈول جاری کرنے سے متعلق کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوئی۔

درخواست گزار امیر اکبر کے وکیل سجیل شہریار سواتی پیش ہوئے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سیشن کورٹ کی جانب سے جمشید دستی کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد لاہور ہائیکورٹ کا حکمِ امتناع ختم ہو چکا ہے، جبکہ گزشتہ چھ ماہ سے حلقہ این اے 175 نمائندگی سے محروم ہے۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ سے اسٹے ختم کرایا جائے تو الیکشن شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔ وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ وہ لاہور ہائیکورٹ میں فریق نہیں ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ اگر الیکشن کمیشن فیصلہ کر دیتا ہے تو درخواست گزار کے پاس لاہور ہائیکورٹ میں فریق بننے کا موقع موجود ہوگا۔

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کے وکیل کو دلائل دینے سے روک دیا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ جمشید دستی نے سزا کے بعد خود کو قانون کے سامنے پیش نہیں کیا، اس لیے انہیں دلائل دینے کا حق حاصل نہیں۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

Back to top button