الیکشن کمیشن: سرفراز بگٹی کی کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن کے التوا کی درخواست مسترد

الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ کی درخواست پر جاری کیے گئے تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن شیڈول کے مطابق ہوں گے اور پولنگ 28 دسمبر کو ہی منعقد کی جائے گی۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت آئینی تقاضوں کے مطابق الیکشن کمیشن اور متعلقہ اداروں کی مکمل معاونت یقینی بنائے، اور وہ تمام ادارے جن پر انتخابی ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔
تحریری حکم نامے میں ہدایت دی گئی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں، جبکہ ووٹرز، امیدواروں، عام شہریوں اور پولنگ عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئٹہ ڈسٹرکٹ میں پُرامن اور بلا تعطل پولنگ ممکن ہو سکے۔
الیکشن کمیشن بلوچستان کے رکن شاہ محمد نے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے نوٹ لکھا ہے کہ کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث ووٹر ٹرن آؤٹ متاثر ہو سکتا ہے، اور شہر کے لوگ موسم کی شدت کے باعث عموماً دیگر اضلاع کی طرف منتقل ہو جاتے ہیں۔
اپنے اختلافی مؤقف میں شاہ محمد کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بھی بلدیاتی انتخابات کے لیے موزوں نہیں، لہٰذا کوئٹہ کے الیکشن موسم اور سیکیورٹی حالات بہتر ہونے تک مؤخر کیے جائیں۔
