وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب آج، حمزہ، پرویز الٰہی مدمقابل
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار حمزہ شہباز اور مسلم لیگ ق و پی ٹی آئی کے متفقہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوست محمد مزاری کی زیرصدارت صبح ساڑھے گیارہ بجے ہوگا۔ اجلاس میں صوبے کے نئے وزیراعلیٰ یا قائد ایوان کا انتخاب بھی کیا جائے گا، امیدوار کو کامیابی کے لیے کُل 186 ووٹ درکار ہوں گے، متحدہ اپوزیشن کے ارکان قافلے کی صورت نجی ہوٹل سے بسوں میں پنجاب اسمبلی پہنچ گئے ہیں۔
پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا الیکشن حمزہ جیتے گا یا پرویز؟
چوہدری پرویز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں 189 اراکین جبکہ حمزہ شہباز نے دعوی کیا ہے کہ انہیں ترین اور علیم خان گروپ سمیت 200 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے، اسمبلی نشتوں کے حساب سے اگر بات کی جائے تو پنجاب کے ایوان میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اراکین کی تعداد 183 جبکہ مسلم لیگ ن کے اراکین کی تعداد 166 ہے، اسی طرح مسلم لیگ ق کے ارکان کی تعداد 10، پی پی 7 اور آزاد امیدواروں کی تعداد 4 ہے۔