ملک بھرکےصارفین کیلئےبجلی سستی کردی گئی،نوٹیفکیشن جاری

نیپرا نے ملک بھر میں بجلی کے نرخوں میں ماہانہ ایندھن ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی کا اعلان کر دیا ہے، اور اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 3 پیسے فی یونٹ جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں 50 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق جولائی کے بلوں میں کیا جائے گا، جس سے صارفین کو ریلیف ملے گا۔
نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کے-الیکٹرک اور باقی ملک کے لیے علیحدہ علیحدہ نوٹیفکیشنز جاری کیے ہیں۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کے-الیکٹرک کے لیے کمی اپریل 2025 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت کی گئی ہے، جبکہ دیگر علاقوں کے لیے مئی 2025 کی ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر قیمت میں کمی کی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ کے-الیکٹرک نے اپریل کی ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، جبکہ سی پی پی اے نے مئی کی ایڈجسٹمنٹ میں 10 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی تھی، جسے نیپرا نے رد کرتے ہوئے مجموعی طور پر بجلی سستی کرنے کا فیصلہ کیا۔
