تیسری بار سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی ہونےکا امکان

کیپسٹی چارجز میں کمی کے باعث کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے مسلسل تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی (اپریل تا جون 2025) کے لیے جمع کروائی گئی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر آج سماعت کی جائے گی۔ اس درخواست کے تحت بجلی صارفین کو 53 ارب 39 کروڑ 30 لاکھ روپے کا ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
وفاقی حکومت اور آئی پی پیز کے درمیان کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں کیپسٹی چارجز میں خاطر خواہ کمی ممکن ہوئی، جس کا فائدہ اب عوام کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا میں جمع کروائی گئی درخواست میں کیپسٹی چارجز کی مد میں 53 ارب 71 کروڑ 40 لاکھ روپے اور ٹرانسمیشن و ڈسٹری بیوشن نقصانات میں 66 کروڑ 20 لاکھ روپے کی کمی کی سفارش کی ہے۔ تاہم، آپریشنز اینڈ مینٹیننس کی مد میں 18 کروڑ 20 لاکھ روپے صارفین سے وصول کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔
حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے تحت سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ملک بھر کے صارفین بشمول کے-الیکٹرک صارفین پر یکساں طور پر ہوگا۔
نیپرا کی جانب سے سماعت کے بعد یہ معاملہ وفاقی حکومت کو بھیجا جائے گا، جو منظوری کے بعد بجلی کی قیمتوں میں تبدیلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی (جنوری تا مارچ 2025) کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 1 روپے 55 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی تھی، جس کا اطلاق مئی سے جولائی 2025 کے درمیان کیا گیا۔
اس سے پہلے دوسری سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر 2024) کی ایڈجسٹمنٹ میں 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کی گئی تھی، جس کا فائدہ اپریل سے جون 2025 تک دیا گیا تھا۔
