ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی مہنگی ہونے کا امکان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد صارفین کے لیے بجلی مہنگی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

سی پی پی اے نے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے دائر درخواست پر کل سماعت ہونے کا اعلان کیا ہے۔ درخواست کے مطابق بجلی کی قیمت میں ایک ماہ کے لیے 1 روپے 64 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں صارفین پر 14 ارب روپے سے زائد اضافی بوجھ پڑ سکتا ہے۔

سی پی پی اے کے مطابق اضافے کا اطلاق بشمول کراچی ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا۔ فروری میں مجموعی طور پر 7 ارب 69 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ ڈسکوز کو 7 ارب 42 کروڑ 70 لاکھ یونٹس فراہم کی گئیں۔

ڈسکوز کو فراہم کی جانے والی بجلی کی لاگت 8 روپے 37 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت 8 روپے 15 پیسے فی یونٹ رہی۔ فروری کے لیے ریفرنس لاگت 6 روپے 73 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔

Back to top button