ایلون مسک کی کمپنی کا وینزویلا میں مفت انٹرنیٹ سروس کا اعلان

دنیا کے ارب پتی ایلون مسک کی کمپنی اسٹارلنک نے وینزویلا میں محدود مدت کے لیے مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اسٹارلنک کے مالک ایلون مسک نے وینزویلا کے عوام کے ساتھ حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی 3 فروری تک مفت براڈبینڈ خدمات فراہم کرے گی۔ کمپنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ وہ وینزویلا میں عوام کے ساتھ "مسلسل رابطے” کا وعدہ کرتی ہے، کیونکہ یہ ملک آن لائن سنسرشپ کا شکار ہے۔
اسٹارلنک کے مطابق، مادورو حکومت نے ماضی میں فیس بک، یوٹیوب اور انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بلاک کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، وینزویلا میں فوجی کارروائیوں کے بعد انٹرنیٹ سروس بند ہو گئی تھی اور دارالحکومت کے زیادہ تر علاقوں میں انٹرنیٹ دستیاب نہیں تھا۔
یاد رہے کہ فلوریڈا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کے خلاف کرمنل چارجز کا اعلان کیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت میں ایک غیر معمولی فوجی آپریشن کیا، جس میں فضائی، زمینی اور سمندری طاقت کا مظاہرہ کیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وینزویلا میں اقتدار کی منتقلی تک امریکا اپنا اثر جاری رکھے گا اور امریکی تیل کی کمپنیاں وینزویلا میں کام کریں گی۔
