دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، ریاست جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے جامع اور کثیر الجہتی حکمت عملی پر عمل کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول میں پرعزم ہے۔
یہ بات انہوں نے انسدادِ دہشت گردی اور ریاستی رٹ کے قیام سے متعلق قائم اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عاصم ملک سمیت متعلقہ وزرا و اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف وفاقی اور صوبائی سطح پر مربوط کوششوں کو مزید موثر اور ہم آہنگ بنانے پر زور دیا گیا، اور اس ضمن میں کمیٹی کی سفارشات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
وزیراعظم نے انسدادِ دہشت گردی کے لیے پاکستانی افواج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "دنیا پاکستان کی انسداد دہشت گردی کے میدان میں تاریخی کامیابیوں کی معترف ہے۔”
وفاقی کابینہ نے افغانستان کے ساتھ تجارت پر ٹیرف میں نرمی کی منظوری دیدی
انہوں نے آپریشن ضربِ عضب اور ردُالفساد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان آپریشنز نے ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے میں اہم کردار ادا کیا، اور دنیا نے ان معرکوں میں پاکستان کی فتح کو تسلیم کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ "فتنۃ الہند”، "فتنۃ الخوارج” اور دیگر سماج دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے موثر، قابلِ عمل اور ٹھوس حکمت عملی اپنائی جا چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں، اور ایک پرامن اور دہشت گردی سے پاک ریاستی ڈھانچا ہی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
