آئندہ3ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز کی میزبانی انگلینڈ کے حصے میں آگئی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ تین ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنلز 2027، 2029 اور 2031 کی میزبانی انگلینڈ کو سونپ دی ہے۔
سنگاپور میں ہونے والے سالانہ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں آئی سی سی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کو یہ میزبانی گزشتہ فائنلز کے کامیاب انعقاد کے باعث دی گئی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں بے گھر افغان خواتین کرکٹرز کی مدد پر بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں ان کی شمولیت کو ممکن بنانے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔
آئی سی سی کے مطابق افغان خواتین کھلاڑیوں کو آئندہ ویمنز ورلڈکپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے مواقع دے کر سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
اس کے علاوہ آئی سی سی نے یو ایس اے کرکٹ کے حوالے سے اپنا پرانا مؤقف برقرار رکھتے ہوئے اسے تین ماہ کے اندر انتظامی اصلاحات اور شفاف انتخابات کروانے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں فرانس، ہانگ کانگ اور کینیڈا کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی میں ایسوسی ایٹ ممبران کی نمائندگی دی گئی، جبکہ مشرقی تیمور اور زیمبیا کو نئے ایسوسی ایٹ ممبرز کے طور پر آئی سی سی فیملی میں شامل کر لیا گیا۔
نئے ارکان کی شمولیت کے بعد آئی سی سی کے ممبران کی مجموعی تعداد بڑھ کر 110 ہو گئی ہے۔
