چاہے کوئی ہمیں گالیاں دے، آئین پر عمل کرتے رہیں گے : چیف الیکشن کمشنر

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی کےلیے مسلم لیگ ن کے دو ایم این ایز کو ترمیم شدہ درخواستیں آج ہی دائر کرنےکی ہدایت کردی۔ دوران سماعت پی ٹی آئی کے امیدوار نے ناانصافی ہونےکا شکوہ کیا تو چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیےکہ چاہےکوئی ہمیں گالیاں دے۔آئین و قانون کےمطابق کام کرتےرہیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن نے اسلام آباد الیکشن ٹریبیونل کی تبدیلی کےلیے مسلم لیگ ن کےارکان قومی اسمبلی انجم عقیل،راجہ خرم نواز اور طارق فضل چوہدری کی درخواستوں پرسماعت کی۔
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نےرکن قومی اسمبلی انجم عقیل کےوکیل سے پوچھاکہ کیا آپ نے ترمیم شدہ درخواست دائرکردی ہے،جس پر وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایاکہ درخواست واٹس ایپ پر بھیج دی تھی۔چیف الیکشن کمشنر نےکہا کہ درخواست کی ہارڈ کاپی بھی دینی چاہیےتھی،تینوں امیدوار الگ الگ درخواستیں دیں اور ٹائٹل بھی الگ کر دیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیےکہ کیاآپ نہیں چاہتے کہ ہم درخواستیں سنیں،کیا ہم درخواستیں مسترد کر دیں۔بعد ازاں، چیف الیکشن کمشنر نے انجم عقیل اور راجہ خرم نواز کو ترمیم شدہ درخواستیں آج ہی دائر کرنے کی ہدایت کی۔
اسی دوران رہنما پی ٹی آئی شعیب شاہین نے الیکشن کمیشن سےشکوہ کیا کہ ہم تو یہاں اجنبی ہیں۔ممبر بلوچستان نے شعیب شاہین سےاستفسار کیاکہ آپ کیسے اجنبی ہیں،جس پر شعیب شاہین نے جواب دیا کہ ہمارے ساتھ جو ناانصافیاں کی گئیں اس کی بات کررہا ہوں۔ممبر خیبرپختونخوا نےکہا کہ جو حق میں فیصلہ دےوہ انصاف اور باقی ناانصافی کرتےہیں۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نےکہا کہ الیکشن کمیشن آئین و قانون کےتحت کام کرتارہے گا،چاہے کوئی ہمیں گالیاں دے،ہم آئین و قانون پرعمل کریں گے۔ چیف الیکشن کمشنر کے ریمارکس پر شعیب شاہین بولے، ’ہم نے آج تک گالی نہیں دی۔‘
چیف الیکشن کمشنر نے شعیب شاہین سےکہاکہ یہ بات آپ اپنےساتھیوں سے پوچھیں۔ بعدازاں الیکشن کمیشن نے انجم عقیل اور خرم نواز کو ترمیم شدہ درخواستیں آج ہی دائر کرنےکی ہدایت کرتےہوئے ان کی درخواستوں پر سماعت آج دن ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کی جب کہ طارق فضل چوہدری کی درخواست پر سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
