ورلڈکپ کیلئےپرجوش ہیں،ٹیم اچھاکھیل پیش کرےگی،سلمان علی آغا

قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کےکپتان سلمان علی آغا کاکہناہے کہ   بطور کپتان یہ میرا پہلا ورلڈکپ ہے جس کے لیے بہت پرجوش ہوں اور امید ہے میری کپتانی میں ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی۔

سلمان علی آغا کاپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھاکہ بھارت کے خلاف میچ سے متعلق فیصلہ حکومت نےکرنا ہے اور ہم حکومت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، بھارت کے ساتھ میچ ہوگا یا نہیں اس کا اندازہ نہیں، جو حکومت کہے گی اس کے مطابق ہی چلیں گے، بنگلادیش ٹیم کا ورلڈکپ میں نہ ہونا افسوس ناک ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ہم ایشیاکپ کے بعد سے اچھا کھیل پیش کررہے ہیں، پچھلے 6 ماہ سےاچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، اس مرتبہ ٹیم اچھا کھیل رہی ہے، امید ہے اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور امید ہے باقی ٹیموں کے خلاف اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

سلمان علی آغا نے مزید کہاکہ سری لنکا میرے دوسرے گھر کی طرح ہے اور لوگ بہت اچھےاخلاق والے ہیں، سری لنکا جب بھی آکر کرکٹ کھیلی ہے، اچھا محسوس کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس چیز پر زیادہ فوکس نہیں ہے جس کو ہم کنٹرول نہیں کرسکتے، ہم اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے اور ورلڈکپ میں کوئی ٹیم چھوٹی نہیں ہوتی، نیدر لینڈز کے خلاف میچ کی اچھی تیاری کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنی مہم کا آغاز 7 فروری سے نیدر لینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

 

 

Back to top button