بجٹ : وزیر اعظم ہاؤس کے اخراجات 72 کروڑ سے بڑھا کر 86 کروڑ روپے کر دیے گئے

وفاقی بجٹ 2025-26 میں وزیر اعظم کی سرکاری رہائش اور اخراجات 72 کروڑ سے بڑھا کر تقریباً 86 کروڑ روپے کردیے گئے۔
وفاقی بجٹ کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس کی گاڑیوں کےلیے 9 کروڑ روپے کا بجٹ، وزیراعظم ہاؤس کی ڈسپنسری کےلیے 1 کروڑ 44 لاکھ روپے اور باغیچے کےلیے 4 کروڑ 48 لاکھ روپے بجٹ میں رکھے گئے ہیں۔
وزیر اعظم کے دوروں کےلیے 60 لاکھ روپے اور پی ایم چیرٹی کےلیے 42 لاکھ روپے بجٹ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
وفاقی اور وزراء مملکت کےلیے بجٹ 27 کروڑ سے بڑھا کر 50 کروڑ 54 لاکھ روپے ، وزیر اعظم کے مشیران کےلیے بجٹ 3 کروڑ 61 لاکھ روپے سے بڑھاکر 6 کروڑ 31 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔کابینہ ڈویژن کےلیے 68 کروڑ 87 لاکھ روپے کا بجٹ بھی مختص کیا جا رہا ہے ۔
بجٹ میں معاونین خصوصی کےلیے بجٹ 3 کروڑ 70 لاکھ روپے سے بڑھاکر 11 کروڑ 34 لاکھ روپے کیا جارہا ہے ۔
علاوہ ازیں سینٹرل کار پول کےلیے 62 کروڑ روپے کا بجٹ رکھنے کی تجویز ہے۔
قومی اسمبلی کے بجٹ میں آئندہ مالی سال 28 فیصد اضافے کی تجویز ہے جو 12 ارب 73 کروڑ سے بڑھا کر 16 ارب 29کروڑ روپے کردیا گیا ہےجب کہ سینٹ کا بجٹ آئندہ مالی سال 9 ارب ساڑھے 5 کروڑ روپے رکھا گیا ہے جو رواں مالی سال 7ارب 24 کروڑ روپے تھا۔
