عالیہ بھٹ انسٹاگرام کی ٹاپ انفلوئنسر کیسے بن گئیں؟


بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی جاندار اداکاری سے منفرد پہچان بنانے اور اداکار رنبیر کپور سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ عالیہ بھٹ کو انسٹا گرام کے ٹاپ ٹین انفلوئنسر میں شامل کر لیا گیا ہے۔ بالی ووڈ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد عالیہ بھٹ اب مغرب کو بھی اپنی اداکاری سے گرویدہ بنانے کی تیاریوں میں ہیں، لیکن ہالی ووڈ میں قدم رکھنے سے قبل ہی عالیہ بھٹ نے مشہور شخصیات کی فہرست میں شامل ہو کر دنیا کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
یاد رہے کہ انہیں انسٹاگرام کی 10 بڑی شخصیات میں شامل کیا گیا ہے جو لاکھوں افراد کو متاثر کرتی ہیں، اس فہرست میں ان کے ساتھ اداکارہ زندایا اور ہالی ووڈ کے سٹار ول سمتھ بھی ہیں۔
دس شخصیات میں پہلے نمبر پر سپائیڈر مین سے مشہور ہونے والی اداکارہ زندایا ہیں، فہرست میں ٹام ہالینڈ، ’دی راک‘ کے نام سے مشہور اداکار ڈیونے، جنوبی کوریا کے ریپر جے ہوپ اور ول سمتھ شامل ہیں۔ انسٹاگرام پر عالیہ بھٹ کے 6 کروڑ 40 لاکھ فالوورز ہیں جبکہ ان کی پوسٹ پر صارفین کی سرگرمی کی شرح ساڑھے تین فیصد ہے یعنی 19 لاکھ ہے۔ انسٹاگرام پر اپنی سرگرمی کیساتھ اداکارہ نے جینیفر لوپیز، کرائسٹ ہیمزورتھ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، اس فہرست میں انڈین اداکارہ پریانکا چوپڑا، اداکار اکشے کمار، شردھا کپور اور رشمیکا مندانا بالترتیب 13 ویں، چودھویں، اٹھارویں اور انیسویں نمبر پر ہیں، ایسے افراد جو انسٹاگرام پر عالیہ بھٹ کو دیکھتے ہیں ان کو اداکارہ کی ٹائم لائن سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ پروفیشنل اور ذاتی اپڈیٹ کے حوالے سے ایک صحت مندانہ ماحول قائم کر رکھا ہے۔
اداکارہ اپنے انسٹاگرام کو نہایت کامیابی کے ساتھ فلموں، برانڈز اور ذاتی کاروبار کی مارکیٹنگ کے لیے بھی استعمال کرتی ہیں، کرونا کی وبا کے دوران عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام سے مفاد عامہ میں بھی پیغامات جاری کیے۔
عالیہ بھٹ نے رنبیر کپور سے اپنی شادی کی خبر بھی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے ذریعے ہی لوگوں تک پہنچائی اور اپنے شوہر کے ساتھ کئی تصاویر پوسٹ کیں۔ واضح رہے کہ اداکارہ عالیہ بھٹ اور اداکار رنبیر کپور 14 اپریل 2022 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ عالیہ بھٹ کی محبت کی کہانی سنجے لیلا بھنسالی کے سیٹ پر شروع ہوئی تھی۔ عالیہ بھٹ کے مطابق انہوں نے رنبیر کپور کو پہلی بار 2005 میں دیکھا تھا اور وہ تب ہی ان پر فدا ہو گئی تھیں۔

Back to top button