برآمدات پر مبنی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،شہبازشریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کے نفاذ سے پورٹ آپریشنز میں نمایاں بہتری لائی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے نئے مالی سال کے پہلے مہینے میں پاکستان کی برآمدات 2 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایک ماہ میں 9 فیصد اضافے کو معیشت کے لیے انتہائی حوصلہ افزا قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اس بات کی علامت ہے کہ ملکی معیشت میں استحکام آ رہا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج ہنڈریڈ انڈیکس نے 1,45,000 پوائنٹس کی حد عبور کر کے حالیہ دنوں میں تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی سمت کی درستگی کا واضح ثبوت ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں معاشی اشاریے مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ حکومت برآمدات میں مزید اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

Back to top button