اسلام آباد خودکش دھماکہ: CTD کی کارروائی، 7 مشتبہ سہولت کار گرفتار

راولپنڈی کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے جمعرات کے روز کارروائی کرتے ہوئے 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا جن پر الزام ہے کہ انہوں نے 11 نومبر کو اسلام آباد کی جوڈیشل کمپلیکس میں ہونے والے خودکش دھماکے میں سہولت کاری کی۔

پولیس ذرائع کے مطابق مشتبہ سہولت کاروں کو راولپنڈی کی فوجی کالونی (پیرودھائی کے علاقے) اور ڈھوک کشمیریان سے گرفتار کیا گیا، جب کہ خیبرپختونخوا میں بھی ایک علیحدہ کارروائی کی گئی۔

یاد رہے کہ 11 نومبر کو اسلام آباد کی کچہری کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 24 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تفتیش کاروں نے ایک آن لائن بائیک رائیڈر کو بھی حراست میں لیا تھا جس نے حملہ آور کو جائے وقوعہ تک پہنچایا۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ حملہ آور گولڑہ موڑ سے جی-11 کچہری تک ایک آن لائن بائیک سروس کے ذریعے پہنچا۔
رائیڈر نے اسے محض 200 روپے میں منزل تک پہنچایا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے شناخت کر کے پولیس نے گرفتاری عمل میں لائی۔

ذرائع نے بتایا کہ بائیک رائیڈر کی لوکیشن ٹریس کرنے کے بعد اسے حفاظتی حراست میں لے کر مزید تفتیش کے لیے منتقل کیا گیا۔

Back to top button