فیصل کنڈی کی قائم مقام صدرسے ملاقات،وادی تیراہ کی صورتحال پرتبادلہ خیال

گورنر خیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی کی قائم مقام صدر پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی سے ملقاات،وادی تیراہ کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل کنڈی اور یوسف رضا گیلانی کی ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان، گڈ گورننس اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وادی تیراہ سے عارضی انخلاء کی صورتحال سے بھی صدر کو آگاہ کیا۔
گورنر کے مطابق انجمن ہلال احمر ضم اضلاع برانچ تیراہ متاثرین کی مکمل امداد میں مصروف عمل ہے اور تیراہ میں شدید برفباری میں پھنسے افراد کو فوری اشیائے خورونوش، ادویات اور دیگر ضروری امداد فراہم کی گئی۔
تحصیل باڑہ میں تیراہ سے عارضی انخلاء کرنے والے متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا اور متاثرین کو مکمل تعاون کا یقین دلایا گیا۔
قائم مقام صدر پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خیبر سمیت ضم اضلاع کے عوام نے ملک و قوم کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
قائمقام صدر نے مزید کہا کہ صوبے میں پائیدار امن سے ہی ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہو سکتا ہے اور ضم اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے عوام کی ترقی و خوشحالی ان کی حکومت کا مشن ہے۔
