فیصل آباد: کیمیکل فیکٹری میں دھماکا، 17 افراد جاں بحق

فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری میں دھماکے سے چار بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے، دھماکے کے باعث متعدد گھروں کی چھتیں بھی گرگئیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق فیکڑی میں دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے کے نتیجے میں ہوا۔
فیصل آباد کی کیمیکل فیکٹری میں ہونے والا دھماکا اس قدر شدید تھا کہ فیکٹری زمین بوس ہو گئی اور اس میں آگ لگ گئی جب کہ ملحقہ مکانوں کی چھتیں بھی گرگئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے فیکٹری کے ملبے سے مزدوروں اور قریبی گھروں کے ملبےسے چار بچوں اور خواتین سمیت 17 افراد کی لاشیں جب کہ 20 افراد کو زخمی حالت میں نکال کر الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا جہاں 10 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹایا جارہا ہے،فیکٹری اور گھروں کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
پولیس کےمطابق فیکٹری منیجر بلال کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ فیکٹری مالک قیصر چغتائی واقعے کےبعد فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے آباد علاقے میں قائم فیکٹری کےخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کمشنر فیصل آباد کا کہنا ہےکہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فیکڑی میں دھماکا گیس پائپ لائن پھٹنے کے نتیجے میں ہوا،ملک پور میں 4 فیکٹریاں ایک ساتھ منسلک ہوکر کام کررہی تھیں،زیادہ جانی نقصان فیکٹری سے جڑے گھروں کے رہائشیوں کا ہوا۔
