فیض حمید کی سزا فوج کا داخلی معاملہ ہے، تبصرہ مناسب نہیں: ترجمان پی ٹی آئی

مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ سابق آئی ایس آئی چیف کے ٹرائل، سزا اور دیگر کارروائیوں پر بات کرنا فوجی ادارے کا داخلی معاملہ ہے،جس پر کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔
سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ جب فیض حمید کو حراست میں لیا گیا تو اس وقت بھی پارٹی سے ردعمل مانگاگیا، لیکن یہ واضح کیاگیا کہ فوج کے اپنے احتسابی نظام موجود ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اس معاملے میں سیاسی عناصر کا ذکر کیا جارہا ہے،جس کی وجہ سے بعض حلقوں کی جانب سے پی ٹی آئی کو بھی اس سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی واضح بات سامنے نہیں آئی۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آئی ایس پی آر پہلے ہی یہ کہہ چکا ہےکہ سزا یافتہ افسر کے سیاسی بےچینی اور عدم استحکام میں مبینہ کردار کے پہلو کو الگ سے دیکھا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی نے نئی سیاسی کمیٹی تشکیل دے دی
مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ جب تک کسی سیاسی شخصیت کا نام واضح طور پر سامنے نہیں آتا،تب تک بیان بازی کا کوئی جواز نہیں۔ان کے مطابق اگر آئندہ کسی سیاسی شخصیت کا براہ راست حوالہ دیاگیا تو وہ خود اس پر جواب دیں گے۔فی الحال پارٹی کا مؤقف یہی ہےکہ یہ ایک ادارہ جاتی معاملہ ہے،جس پر کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔
