معروف بھارتی میگزین ووگ تنقید کی زد میں کیوں آگیا؟

بھارتی فیشن میگزین ’’ووگ‘‘ نے اپنے سرورق پر معروف اداکارہ تبو کی تصویر شائع کی تو سوشل میڈیا صارفین نے ان کو خوب آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام لگایا کہ فیشن میگزین نے جان بوجھ کر اداکارہ تبو کو بدصورت دکھانے کی کوشش کی ہے۔بھارتی ویب سائٹ کے مطابق تبو نے حال ہی میں فیشن میگزین ووگ انڈیا کے لیے فوٹوشوٹ کروایا تھا اور میگزین نے اداکارہ کی تصاویر کو انسٹاگرام پر شیئر کیا تو صارفین نے ان پر ناراضگی کا اظہار کیا، فیشن میگزین کی جانب سے اداکارہ کی تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد صارفین نے انسٹاگرام پر کمنٹس کرتے ہوئے میگزین اور اداکارہ سے مطالبہ کیا کہ ان تصاویر کو ڈیلیٹ کیا جائے۔ صارفین نے دعویٰ کیا کہ تبو بھارت کی خوبصورت ترین اداکارہ ہیں لیکن میگزین نے اسے تصاویر میں بدصورت انداز میں پیش کیا۔ زیادہ تر صارفین کی جانب سے تبو کی ان چند تصاویر پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا، جن میں اداکارہ کافی مختلف دکھائی دیتی ہیں۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر کو دیکھ کر کوئی بھی تبو کو پہچان نہیں پائے گا کیوںکہ تصاویر میں ان کا میک اپ اور انداز کافی تبدیل کیا گیا ہے۔ صارفین نے الزام عائد کیا کہ تبو کو خراب میک اپ، بدترین ڈریس اور لائٹنگ اور فوٹوگرافی کی مدد سے بدصورت انداز میں پیش کیا گیا اور صارفین نے اداکارہ کی تصاویر کو ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ تصاویر میں تبو کو سیاہ و سفید رنگوں کے لباس میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ چہرے کے میک اپ سے وہ کافی مختلف نظر آتی ہیں، صارفین کی تنقید پر اداکارہ تبو اور فیشن میگزین نے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔واضح رہے کہ اداکارہ تبو بے شمار بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، تبو نے 14 سال کی عمر میں فلم ’ہم نوجوان‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس میں انہوں نے دیوانند کی بیٹی کا کردار ادا کیا تھا، اپنے اس طویل فلمی سفر کے باوجود بالی وڈ اداکارہ تبو اب تک کنواری ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ تبو کو اداکار ناگ ارجن کے ساتھ پیار ہوگیا تھا،لیکن ناگ ارجن شادی شدہ تھے، جس کی وجہ سے یہ رشتہ آگے نہ بڑھ سکا۔
