فواد خان کی گلوکاری کی دنیامیں واپسی،مداح حیران رہ گئے

اداکار اور گلوکار فواد خان نے طویل وقفےکےبعد دوبارہ گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھ  کرمداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔

معروف اداکار فواد خان جنہوں نے راک بینڈ ای پی کے ساتھ اپنی گلوکاری کا آغاز کیا تھا، اب ویلو ساؤنڈ اسٹیشن کے پلیٹ فارم سے ایک نیا نغمہ ’’پروانہ‘‘ لے کر سامنے آئے ہیں۔

یہ نغمہ محبت، دھوکے اور پچھتاوے جیسے گہرے جذبات پر مبنی ہے، جس میں فواد خان ایک ایسے عاشق کا کردار نبھاتے ہیں جو بارش میں بھیگی یادوں کے ساتھ اپنے ماضی پر نادم دکھائی دیتا ہے۔

گانے کی ویڈیو نہایت دلگداز ہے، جسے بارش اور دھندلے مناظر کے ذریعے مزید جذباتی بنا دیا گیا ہے۔ اس کی ہدایتکاری بلال لاشاری نے کی ہے، جبکہ فواد خان نے اپنی مخصوص اداکاری اور گلوکاری سے گانے کو جان بخشی ہے۔

مداحوں کی جانب سے گانے کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، خاص طور پر ای پی کے پرانے پرستار فواد خان کو ایک بار پھر مائیک کے ساتھ دیکھ کر بے حد پرجوش ہیں۔

Back to top button