سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایف بی آر کا ڈیجیٹل انفورسمنٹ سٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے لیے ڈیجیٹل انفورسمنٹ سٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن کے قیام سے اسمگلنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اسٹیشنز کو اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت روکنے کے مکمل اختیارات حاصل ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن کے قیام کے لیے 10 ارب روپے کی رقم طلب کی ہے، جس کے تحت ملک بھر میں موجود چیک پوسٹوں کو بھی ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز میں تبدیل کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن کے عملے کے لیے واضح قواعد، آپریشنل طریقہ کار اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، جبکہ خالی آسامیوں پر آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا۔
