رجسٹرڈ کاروباروں کو ایف بی آر نظام سے منسلک ہونے کیلئے ایک ہفتے کی ڈیڈلائن دیدی گئی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تمام رجسٹرڈ کاروباروں کو ایک ہفتے کے اندر اپنے نظام سے منسلک کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت تمام پوائنٹ آف سیلز (POS) مشینوں سے وابستہ کاروبار، جیسے ہوٹل، گیسٹ ہاؤس، میرج ہالز اور کلبز، لازمی طور پر ایف بی آر کے نظام سے منسلک ہوں گے۔ اسی طرح انٹر سٹی ٹرانسپورٹ، کورئیر اور کارگو سروسز کو بھی شامل کیا جائے گا۔
بیوٹی پارلرز، اسلمِنگ سینٹرز اور بیوٹی کلینکس کے علاوہ ہیئر ٹرانسپلانٹ، پرائیویٹ کلینکس، ڈینٹل کلینکس اور پلاسٹک سرجنز کے کاروبار بھی ٹیکس نظام سے جوڑنا لازمی ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں لیبارٹریز، جانوروں کے ڈاکٹرز، ڈائیگناسٹک سینٹرز، ایکسرے سینٹرز، پرائیویٹ اسپتال، پرائیویٹ کنسلٹنٹس، ہیلتھ کیئر سروسز، ہیلتھ کلبز، سوئمنگ پولز، فٹنس کلبز اور ملٹی پرپز کلبز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
کراچی جمخانہ، رائل پام، چناب کلب، اسلام آباد کلب اور لاہور جمخانہ کو بھی ٹیکس نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ مزید برآں، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس فرمز اور کاسٹ اینڈ مینجمنٹ سروسز فراہم کرنے والوں کو بھی اس نظام میں شامل ہونا ضروری ہے۔
ماہانہ فیس 1,000 روپے والے اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز کو بھی ٹیکس نظام سے جوڑنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، انکم ٹیکس ایکٹ کی شق 33 کے تحت کاروبار کو ٹیکس نظام سے منسلک کرنا بنیادی شرط ہوگی اور منسلک کاروبار پوائنٹ آف سیلز مشین استعمال کرنے کے پابند ہوں گے۔
