ایف بی آرنےچینی کی مانیٹرنگ شروع کردی،6ملزسیل

ایف بی آر نے چینی کی مانیٹرنگ شروع کردی، شوگر ملوں میں مانیٹرنگ نظام قائم کردیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب  نے وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مانیٹرنگ نظام کے تحت 6 شوگر ملز کو سیل کیا گیا ہے،  پہلی بار چینی افغانستان اسمگل نہیں ہوئی بلکہ ایکسپورٹ ہوئی ہے،  چینی کے ذخائر ملکی ضروریات کے مطابق ہیں۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایف بی آر نے شوگر ملز میں مانیٹرنگ نظام قائم کیا ہے، شوگرملزکی مکمل مانیٹرنگ کیلیے جدید نظام کوبروئے کار لایا جارہا ہے،  انہوں نے بتایا کہ فروری میں ریکارڈ 3.1 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو ہمارے سفیر اور لائف لائن کا درجہ رکھتے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں مالی سال میں ترسیلات زر بلند ترین سطح پر رہیں گی اور مجموعی طور پر 36 ارب ڈالر موصول ہونی کی توقع ہے،  انہوں نے بتایا کہ تمام سرویز کاروبار اور صارفین کے اعتماد میں اضافے کی نشاندہی کررہے ہیں، صنعتی سرگرمیوں میں تیزی بھی اس بات کی نشاندہی کررہی ہے۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ رواں سال شوگر کے کرشنگ سیزن کے آغاز پر ایف بی آر نے چینی کی پیداوار کے حوالے سے ایک جدید مانیٹرنگ سسٹم شروع کیا ہے جس میں نگرانی کے پانچ نظام متعارف کرائے گئے ہیں جن میں ٹریک اینڈ ٹریس اسٹامپس، تھیلوں کی گنتی کیلیے آٹومیٹڈ  کاوٴنٹرز کی تنصیب، وڈیو ریکارڈنگ اینڈ ڈیجیٹل آئی کاوٴنٹنگ اور شوگر ملز کے بیرونی دروازوں پر ایس ٹریک انوائسنگ سسٹم کی تنصیب شامل ہے۔

Back to top button