ایف بی آر : مینول انکم ٹیکس ریٹرن ختم، الیکٹرانک فائلنگ لازمی قرار

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مینول انکم ٹیکس ریٹرن ختم کر دیے ہیں اور تمام ٹیکس دہندگان کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن اور ودہولڈنگ اسٹیٹمنٹس صرف الیکٹرانک طریقے سے جمع کرانا لازمی قرار دیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامہ ایس آر او 2107 آف 2025 کے ذریعے پیر کے روز نوٹیفائی کیا گیا۔ ادارے نے اس سے قبل ترمیم کا مسودہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا تھا تاکہ حتمی منظوری سے قبل ان کی آراء حاصل کی جا سکیں۔
یہ ترمیم انکم ٹیکس رولز 2002 کے رول 73 کے تحت متعارف کرائی گئی ہے، جس میں ایک نیا ذیلی قاعدہ (2DD) شامل کیا گیا ہے۔ اس قاعدے کے تحت ٹیکس دہندگان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی ریٹرن اور ودہولڈنگ اسٹیٹمنٹس صرف الیکٹرانک ذرائع سے جمع کرائیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مینول فائلنگ اب قبول نہیں کی جائے گی۔ ایف بی آر کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیکس نظام میں شفافیت میں اضافہ، ضوابط کی بہتر پاسداری، اور ملک بھر میں ٹیکس فائلنگ کے عمل کو زیادہ آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
