ایف بی آر کا نیا اے آئی کسٹمر کلیئرنس سسٹم متعارف

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی کسٹمز کلیئرنس سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کا مقصد ٹیکس نظام کو زیادہ شفاف، خودکار اور مؤثر بنانا ہے۔
یہ پیش رفت وزیراعظم کی زیرِ صدارت ایف بی آر میں جاری اصلاحاتی اقدامات سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کے دوران سامنے آئی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ٹیکس وصولی بڑھانے کے لیے ویڈیو اینالیٹکس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے ٹیکس کی ادائیگی خودکار انداز میں ممکن ہو گی اور انسانی مداخلت کم سے کم ہو جائے گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ یہ جدید سسٹم کم لاگت کا حامل ہے اور ابتدائی آزمائش کے دوران 98 فیصد مؤثر پایا گیا ہے، جو حکومت کی آمدن میں اضافے کا باعث بنے گا۔
صدر اور وزیراعظم کا لالک جان شہید کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ایف بی آر میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ٹیکس نظام کو خودکار بنانے سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ کاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔ انسانی مداخلت کم ہونے سے ٹیکس دہندگان کو بہتر سہولت میسر آئے گی، اور وقت و لاگت کی بچت بھی ہو گی۔”
یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل گورننس کی طرف ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، جو نہ صرف ٹیکس وصولی کو بہتر بنائے گا بلکہ کاروباری ماحول کو بھی سازگار بنانے میں مدد دے گا۔
