FC ہیڈکوارٹر حملہ: حملہ آوروں کی موٹرسائیکل چوری کی نکلی

ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جو چوری شدہ نکلی۔
محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کی جانب سے حملے کی تحقیقات جاری ہیں، اور ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور جس موٹرسائیکل پر آئے تھے وہ چوری کی تھی۔
خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق موٹر سائیکل راولپنڈی سے چوری ہوئی تھی اور اس کی چوری کی ایف آئی آر متعلقہ تھانے میں پہلے سے درج تھی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کے سلسلے میں متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ 24 نومبر کو پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے میں 3 اہلکار شہید اور 10 افراد زخمی ہوئے تھے، جبکہ مقابلے میں 3 دہشتگرد مارے گئے تھے۔
