وفاقی حکومت کا حج درخواستوں کے لیے غیر رجسٹرڈ عازمین کو بھی موقع دینے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے حج کوٹہ مکمل نہ ہونے کے خدشے کے پیش نظر غیر رجسٹرڈ عازمین سے بھی حج درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ملک بھر سے ساڑھے چار لاکھ رجسٹرڈ عازمین موجود ہیں، تاہم سوا لاکھ کے حج کوٹے کی مکمل تکمیل مشکل نظر آ رہی ہے۔ اسی باعث وزارتِ مذہبی امور نے کم تعداد میں درخواستیں موصول ہونے کے خدشے کے تحت غیر رجسٹرڈ افراد کو بھی درخواست دینے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ عازمین سے حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز پیر، 4 اگست سے ہوگا، جو 9 اگست تک جاری رہے گی۔ رجسٹرڈ افراد سرکاری اسکیم کے تحت اس مدت میں اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔
5 اگست کو اسلام آباد مارچ کا کوئی منصوبہ نہیں، ضلعی سطح پر ریلیاں ہوں گی: مینا خان آفریدی
غیر رجسٹرڈ عازمین کے لیے درخواستوں کا عمل 11 سے 16 اگست تک جاری رہے گا۔ یہ درخواستیں "پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ حج درخواستوں کے لیے رجسٹرڈ افراد کو 38 سے 42 دن کے حج پروگرام کے لیے 5 لاکھ روپے جبکہ 20 سے 25 دن کے مختصر حج کے لیے ابتدائی قسط کے طور پر ساڑھے 5 لاکھ روپے جمع کرانے ہوں گے۔
