FIA امیگریشن کی کارروائی،میونسپل کمشنر کراچی افضل زیدی ترکیہ جاتے ہوئے آف لوڈ

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسٹاپ لسٹ میں نام شامل ہونے پر میونسپل کمشنر کراچی افضل زیدی کو بیرونِ ملک روانگی سے روک دیا اور ترکیہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق میونسپل کمشنر افضل زیدی گزشتہ شب ترکش ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے کراچی سے استنبول روانہ ہونے والے تھے، تاہم امیگریشن کاؤنٹر پر اسٹاپ لسٹ میں نام موجود ہونے کی بنا پر انہیں سفر کی اجازت نہ دی گئی اور پرواز سے اتار دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امیگریشن حکام نے انہیں آگاہ کیا کہ اسٹاپ لسٹ میں نام شامل ہونے کے باعث بیرونِ ملک سفر ممکن نہیں، پہلے فہرست سے نام نکلوانا یا عدالت سے اجازت حاصل کرنا ہوگی، اس کے بعد ہی فضائی سفر کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق مختلف الزامات کے تحت متعدد افسران کو خصوصی واچ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
