کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا شدید، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا  : فیلڈ مارشل

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بھارت آپریشن سندور میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا اور اگر بھارت نے کوئی بھی مہم جوئی کی تو اسے انتہائی سخت، گہرا، تکلیف دہ اور اس کی سوچ سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ’نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس‘ مکمل کرنے والے مسلح افواج کے افسران سے خطاب کیا۔

آرمی چیف سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں جنگ کے بدلتے تقاضوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ذہنی تیاری، عملی بصیرت، ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت اور سول و ملٹری اداروں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت نے آپریشن سندور کے دوران جو فوجی اہداف طے کیے تھے، وہ حاصل کرنے میں ناکام رہا، اور اس ناکامی پر دی جانے والی وضاحتیں اس کی اسٹریٹیجک دور اندیشی کے فقدان کو ظاہر کرتی ہیں۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھاکہ بھارت پاکستان کی برسوں پر محیط حکمتِ عملی، مقامی دفاعی صلاحیتوں اور مضبوط اداروں پر مبنی کامیابی کو تسلیم کرنے سے گریز کرتا ہے۔ دوطرفہ فوجی معاملات میں بیرونی عناصر کو شامل کرنے کی بھارتی کوششیں اس کی سیاسی کمزوری کا اظہار ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ بھارت کے بےبنیاد بیانات کا مقصد خود کو خطے میں فرضی "وائیڈر نیٹ سکیورٹی” کردار میں پیش کرنا ہے،حالانکہ خطے کے کئی ممالک اس کی جارحانہ پالیسیوں اور ہندوتوا نظریے سے نالاں ہیں۔انہوں نے واضح کیاکہ پاکستان کی آبادی، دفاعی تنصیبات، اقتصادی مراکز یا بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور، شدید، اور سوچ سے بھی زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری آبادی کے مراکز، فوجی اڈوں، اقتصادی مراکز اور بندرگاہوں کو نشانہ بنانےکی کسی بھی کوشش کا شدید، گہرا، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ کشیدگی کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی، جو ایک خودمختار ایٹمی ریاست کے خلاف اشتعال انگیزی کے سنگین نتائج کا ادراک کرنے میں ناکام ہے۔ جنگیں میڈیا پر بیانات، بیرونِ ملک سے خریدا گیا اسلحہ یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ پختہ یقین، پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری، اداروں کی مضبوطی اور قومی عزم کے ذریعے جیتی جاتی ہیں۔

برکس اجلاس: بھارت کا پاکستان کو نشانہ بنانے کا بیانیہ پذیرائی حاصل نہ کر سکا

اختتامی خطاب میں فیلڈ مارشل نے مسلح افواج کی صلاحیت، عزم اور جنگی تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

Back to top button