معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں فیلڈ مارشل کا اہم کردار ہے ، وزیر اعظم

آئی ایم ایف کی جانب سے حکومتی معاشی اصلاحات اور اقدامات کے مؤثر نفاذ پر مالی اجرا کے اعلان کے ردِعمل میں وزیر اعظم نے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈے کے عملی نفاذ اور معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی معاونت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
وزیراعظم کے مطابق آئی ایم ایف کا اطمینان معاشی ٹیم، خصوصاً وزیر خزانہ کی انتھک محنت کا واضح اعتراف ہے اور یہ اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان معاشی استحکام اور ترقی کے لیے درکار اقدامات پر سنجیدگی سے عمل کر رہا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا خواب ان شاء اللہ بہت جلد حقیقت کا روپ اختیار کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ کے قریب ترین صورتحال سے نکال کر استحکام اور ترقی کی طرف لے جانا ایک مشکل مرحلہ تھا، جس کے لیے ہر طبقے نے قربانیاں دیں۔ سیاسی جماعتوں نے وسیع تر قومی مفاد میں سیاست کو پسِ پشت ڈالا اور عوام نے معاشی مشکلات برداشت کرکے ناممکن کو ممکن بنایا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹل تبدیلی ایک کامیاب کیس اسٹڈی بن چکی ہے جسے عالمی سطح پر مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور پاکستان کی معاشی ترقی جلد حقیقت بننے والی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ استحکام کے بعد ترقی کی طرف بڑھتی معیشت کے لیے مزید محنت ناگزیر ہے، اور بطور خادمِ پاکستان وہ قوم کی خوشحالی اور بیرونی قرضوں سے مکمل نجات تک کوشش جاری رکھیں گے۔ ان کے بقول وہ وقت زیادہ دور نہیں جب پاکستان مکمل طور پر قرضوں سے آزاد ہو کر معاشی طور پر خود کفیل ہوگا۔
