وزیر خزانہ کا بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور بجلی صارفین کو ریلیف دینے کا عندیہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے جولائی یا اس سے پہلے بجلی کے بلوں میں مزید کمی اور تنخواہ دار طبقے کو اگلے بجٹ میں ریلیف دینے کےلیے پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، ریلیف کی تفصیلات ابھی نہیں بتاسکتے۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں محمد اورنگزیب نے کہاکہ بجلی کے بلوں میں جولائی یا اس سے قبل مزید کمی کرنے پر کام جاری ہے جب کہ تنخواہ دار طبقے کو اگلے بجٹ میں ریلیف دینے کےلیے پروگرام ترتیب دیا گیا ہے،ریلیف کی تفصیلات ابھی میڈیا کو نہیں بتاسکتے اور ریلیف کی تفصیلات آئی ایم ایف کے پاس لےکر جائیں گے۔
محمد اورنگزیب نے کہاکہ بجٹ سازی کےلیے سرکاری اور نجی شعبے سے 98 فیصد تجاویز موصول ہوگئی ہیں، بجٹ تجاویز پر حکومت اور نجی شعبہ ملک کر کام کررہا ہے، بجٹ کو اسمبلی میں پیش کرنے سےپہلے متعلقین کو بتادیا جائے گا کہ کن تجاویز پر عمل درآمد ہوسکتا ہے،جن تجاویز پر عمل درآمد نہ ہو سکا اسکی وجوہات متعلقہ شعبے کو بتادی جائیں گی۔
وزیر خزانہ نے بتایاکہ آئی ایم ایف کی جانب سے دیے گئے تمام اہداف پورے کرلیے گئے ہیں۔کچھ کی تکمیل اور تھوڑی تاخیر ہوئی لیکن وہ بھی مکمل کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط اور کلائمیٹ فنانسنگ کی مد میں بھی فنڈز ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے بجٹ حتمی شکل میں نافذ کردیا جائے گا۔اس کے بعد اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی تاکہ فوری عمل شروع کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ معاشی استحکام کےلیے اقدامات جاری ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہمیں انرجی ایفشنسی کی طرف جانا ہے، برآمدات کے فروغ سے ہماری معیشت مضبوط ہوگی۔
محمد اورنگزیب کا کہنا ہےکہ اسلام آباد میں بھی ایکسپو سینٹر ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کو فروغ دیناہوگا، پاکستان کی اشیا میں بڑی بہتری آئی ہے۔
ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کیے جائیں گے : محسن نقوی
انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس ایسی مصنوعات موجود ہیں جو گلوبل برانڈ بن سکتی ہیں۔
