ہڑتال کےاعلان پروزیرخزانہ کی تاجروں،گڈزٹرانسپورٹرزکومذاکرات کی پیشکش

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے تاجروں اور گڈز ٹرانسپورٹرز کےملک گیر ہڑتال کے اعلان پر مذاکرات کی دعوت دیدی۔
تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ حکومتی ٹیکس پالیسیوں اور کاروباری مسائل کے باعث ان کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو چکا ہے، جس کے خلاف وہ متحد ہو کر ملک گیر احتجاج کریں گے۔
وفاقی وزیرِ خزانہ نے ملک بھر کے تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کو مذاکرات کے لیے 15 جولائی کو طلب کر لیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے صورتِ حال کا نوٹس لیتے ہوئے فریقین کو بات چیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات سننے اور حل نکالنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے تمام طبقات کا ساتھ ضروری ہے۔
تاجروں کا مطالبہ ہے کہ نیا ٹیکس نظام قابلِ قبول نہیں، جب کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کا مؤقف ہے کہ ایندھن کی قیمتوں اور بھاری ٹیکسز نے نقل و حمل کا شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
آئندہ چند روز میں ہڑتال کے ممکنہ اثرات اور مذاکرات کا نتیجہ ملکی تجارتی سرگرمیوں پر اہم اثر ڈال سکتا ہے۔
