ٹیکساس کی ویلیرو آئل ریفائنری میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی

امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں واقع ویلیرو آئل ریفائنری میں ایک دھماکے کے بعد زبردست آگ بھڑک اٹھی۔ یہ واقعہ پورٹ آرتھر کے علاقے میں پیش آیا۔
عینی شاہدین اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے بعد آگ کے بلند شعلے اور سیاہ دھوئیں کے بادل آسمان کی طرف اٹھ رہے ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی پولیس حکام کے مطابق ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ آگ لگنے کی ممکنہ وجہ صنعتی ہیٹر کا دھماکہ ہو سکتا ہے، تاہم مکمل تحقیقات ابھی جاری ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
خوش قسمتی سے، حکام نے بتایا کہ واقعے میں کسی کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب عالمی سطح پر توانائی کی تنصیبات پہلے ہی حساس صورتحال کا شکار ہیں، جس کے باعث اس قسم کے حادثات پر عالمی سطح پر توجہ مرکوز ہے۔
