قلات میں مسافر کوچ پر فائرنگ اور دستی بم حملہ، 3 افراد جاں بحق، 12 زخمی

قلات کے علاقے نیمرغ کراس کے قریب مسافر کوچ پر فائرنگ اور دستی بم حملے میں 3 مسافر جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مقامی ٹرانسپورٹ کمپنی کی کوچ کراچی سے کوئٹہ جا رہی تھی کہ راستے میں قریبی پہاڑوں میں چھپے مسلح افراد نے کوچ کو روکنے کی کوشش کی۔ ڈرائیور کے گاڑی نہ روکنے پر حملہ آوروں نے فائرنگ کے ساتھ ساتھ دستی بم بھی پھینکا، جس کے نتیجے میں تین مسافر موقع پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے۔
تمام زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کو طلب کر لیا گیا۔ ہسپتال حکام کے مطابق زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور فرنٹیئر کور نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔
دریں اثنا، بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آئی جی پولیس اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
