پاکستان اور ترکیہ کی بحری سپیشل فورسز کی پہلی مشترکہ مشق مکمل

پاکستان اور ترکیہ کی بحری اسپیشل فورسز کے درمیان پہلی دو طرفہ مشق کامیابی سے مکمل ہو گئی۔ یہ اہم مشق دونوں برادر ممالک کے درمیان بحری تعاون اور آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دینے کی جانب ایک نمایاں پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، مشق کے دوران مختلف تربیتی سرگرمیاں انجام دی گئیں، جن میں جدید ہتھیاروں کی فائرنگ، خشکی اور سمندر میں مشترکہ آپریشنز، اور شہری علاقوں میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے عملی مظاہرے شامل تھے۔
ان مشقوں میں لائیو فائرنگ کے ساتھ ساتھ جنگی حالات سے مطابقت رکھنے والے آپریشنز بھی شامل کیے گئے، جن کا بنیادی مقصد ساحلی علاقوں میں مشترکہ کارروائیوں کی تیاری اور حکمت عملی کو مزید بہتر بنانا تھا۔
مشق کا اختتام ایک مخصوص ساحلی علاقے میں جامع اور ہم آہنگ ڈرل سے ہوا، جس میں دونوں فورسز نے خشکی اور سمندری خطرات سے نمٹنے کی مشقیں کیں۔
یہ مشق دونوں ممالک کی بحری افواج کی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور عملی تجربے کا مظہر تھی۔ ترجمان کے مطابق، اس مشق کا انعقاد پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ، مستحکم اور قریبی دفاعی تعلقات کا عملی ثبوت ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دونوں ممالک علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات میں گہری دلچسپی اور عزم رکھتے ہیں۔
