عید کی تیاریوں پر پانی پھرنے کا خدشہ، بارش اور ژالہ باری کا امکان

ملک بھر میں چھوٹی عید کی خوشیاں منانے کیلئے بڑی تیاریاں جاری ہیں، مگر اس بار موسم کا بدلتا ہوا رنگ ان خوشیوں پر اثر انداز ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ تازہ الرٹ نے واضح کر دیا ہے کہ 17 سے 25 مارچ کے دوران ملک بھر میں بارشوں، تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا ایک طاقتور سلسلہ داخل ہونے جا رہا ہے، جو عید کی چھٹیوں کے دوران معمولات زندگی کو متاثر کر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ نیا سلسلہ بتدریج شدت اختیار کرے گا اور سب سے پہلے شمالی و مغربی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات سمیت بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ وسطی پنجاب کے بڑے شہر جیسے لاہور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ بھی اس موسمی نظام سے متاثر ہوں گے۔ الرٹ میں جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادھر بلوچستان میں 23 مارچ تک آندھی اور بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ کراچی اور حیدرآباد میں بھی کہیں کہیں بادل برس سکتے ہیں۔ پہاڑی خطوں، خصوصاً گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کے ساتھ برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
اکبر ایس بابر یا عمران خان، PTI آزاد کشمیر کا اصل سربراہ کون؟
این ڈی ایم اے نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ خاص طور پر غیر ضروری سفر سے گریز، کمزور عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق مجموعی طور پر دیکھا جائے تو اس بار عید کی چھٹیاں خوشگوار موسم کے بجائے ایک غیر یقینی موسمی صورتحال کے سائے میں گزرتی دکھائی دے رہی ہیں، جہاں خوشیوں کے ساتھ احتیاط بھی ناگزیر ہو چکی ہے۔
