سوات میں سیلاب سے تباہی، مزید 8 لاشیں برآمد، اموات 20 ہوگئیں

شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے سوات کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی، جب کہ مزید 8 افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 20 ہو گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق چار لاشیں بشبنڑ اور چار دیگر ڈائیو اڈہ مینگورہ کے علاقے سے نکالی گئیں۔ اس وقت تک دو افراد زخمی حالت میں ریسکیو کیے گئے ہیں، جب کہ چار افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر سلیم جان نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مینگورہ، منگلور، مٹہ، کوکارئی، مکان باغ، ملا بابا، لنڈیکس، شہید آباد اور امان کوٹ شامل ہیں، جہاں کئی مکانات، دکانیں اور گھریلو سامان مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
پاکستان کی ‘گریٹر اسرائیل’ منصوبے اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی شدید مذمت
حکام کے مطابق ضلع بھر میں اب تک 2071 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے، جب کہ ریسکیو 1122 کا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
علاقے کے مکین اپنی مدد آپ کے تحت گھروں اور دکانوں کی صفائی میں مصروف ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کاروبار اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے، اور بحالی کے لیے فوری حکومتی اقدامات کی ضرورت ہے۔
