بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں سیلاب نے تباہی مچادی،4افراد ہلاک

بھارت کی ریاست اتراکھنڈ کے شمالی ہمالیائی علاقے میں شدید سیلاب اور مٹی کے تودوں نے ایک گاؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد افراد لاپتا ہو گئے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ فوج اور ڈیزاسٹر رسپانس فورسز کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ چکی ہیں اور ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ٹی وی چینلز پر نشر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیلابی ریلے اور مٹی کے تودے پہاڑ سے نیچے گرتے ہوئے گاؤں میں داخل ہو رہے ہیں، جو گھروں اور سڑکوں کو بہا لے جا رہے ہیں، جبکہ لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگ رہے ہیں۔
ریاستی وزیرِ اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مٹی کے تودے نے دھراڑی گاؤں میں شدید تباہی مچائی۔
اتراکشھی ضلع کے ایڈمنسٹریٹر پرشانت آریہ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ متعدد افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
بھارتی فوج کی مرکزی کمان نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ ’دھراڑی گاؤں کے خیر گڑھ علاقے میں ایک بڑا مٹی کا تودہ گرا، جس کے باعث ملبہ اور پانی کا تیز بہاؤ بستی میں داخل ہو گیا۔‘
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
