زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلندترین سطح20ارب ڈالرسےتجاوزکرگئے

پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، مجموعی ذخائر کی مالیت 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر سے متعلق ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق 4 جولائی تک سرکاری ذخائر کی مالیت 14 ارب 50 کروڑ 22 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران سرکاری ذخائر میں 1 ارب 77 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 16 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق 4 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے میں کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب 52 کروڑ 65 لاکھ ڈالر تھے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ہفتے کے اختتام پر ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 20 ارب 2 کروڑ 87 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے، جو کہ پاکستان کی تاریخ میں اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔
